فیفا نے ایتھک کوڈ سے کرپشن کا صفایا کردیا

August 16, 2018

لندن( نیوز ڈیسک) فیفا نے اپنے ایتھک کوڈ سے لفظ کرپشن کا ہی صفایا کردیا، ایگزیکٹیوز کی خفیہ میٹنگ میںنئے کوڈ کو حتمی شکل دی گئی، مخالفین کو سبق سکھانے کے لئے ایک نیا جرم بھی شامل کرلیا، رپورٹس کے مطابق فیفا کے نئے کوڈ آف ایتھک گورننگ میںحیران کن طورپر لفظ کرپشن کو شامل ہی نہیںکیا گیا جس نے فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی میں2015 کو بھونچال پیدا کردیا تھا، آفیشلز اور پلیئرز جب نئے کوڈ کاجائزہ لیںگے تو انہیں اس میںیہ لفظ ملے گا ہی نہیں، اس طرحفیفا نے آفیشل طورپر کرپشن کا ہی صفایا کردیا ہے۔ موجودہ صدر گیانی انفانیٹو نے جون میں ورلڈ کپ کے آغاز کے موقع پر کھیل کو رشوت ستانی اور کرپشن سے پاک کرنے کے لئے سخت اقدامات کا عزم ظاہر کیا تھا مگر اس کے برعکس ہوتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ رپورٹ میںیہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ فیفا کا صدر بننے کے بعد دو برس کے دوران انفانٹیو خودکئی گورننگ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی میںملوث رہے ہیںبلکہ انہیںجس شخص سے بھی خطرہ محسوس ہوا اس کو سائیڈ لائن کردیا اسی لئے اب ناقدین کے منہ بند کرنے کے لئے ایتھک کوڈ میں ایک نیا جرم بھی شامل کرلیا ہے جو کہ شہرت یا ساکھ کونقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔ اس کی کوئی واضح مثال نہیںدی گئی بلکہ ایتھک کمیٹی کے لئے لچک پیدا کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے خود فیصلہ کرے کہ شواہد دینے کا بوجھ کس پر ہوگا۔ اگر کوئی بھی فیفا یا اس کے حکام کے خلاف عوامی سطح پر کوئی بیان دے گا اس کے خلاف نئے کوڈکے سیکشن 22.2 کے تحت کاروائی کی جائے گی جس پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوںمیں حصہ لینے پر دو برس کی پابندی عائد ہوسکتی ہے اور اگر پھر یہی جرم دہرایا گیا تو پابندی کی مدت 5 سال تک کردی جائیگی۔ اس قانون سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ فیفا اپنے ناقدین کو خاموش کرانا چاہتی ہے۔ یاد رہے کہ فیفا کے سابق چیف سیپ بلائر نے 2004 میں ایتھکس کوڈ متعارف کرائے تھے جس کا شکار وہ خود بھی بنے، ان کی تخلیق کردہ کمیٹی نے ہی انہیں اخلاقی قواعد کی خلاف ورزی پر ورلڈ گورننگ باڈی سے باہر کاراستہ دکھایا تھا۔ تاہم نئے ایتھک کوڈ میںرشوت، کا لفظ برقرار رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل 2012کے کوڈ میںپراسیکیوشن برائے رشوت اور کرپشن کے الفاظ درج تھے لیکن سیکشن 12.1کے نئے کوڈ میں سے کرپشن کا لفظ ہی حدف کردیا گیا ہے۔