بارش برسانے والا سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا

August 17, 2018

بھارت سے بارش برسانے والا سسٹم آج سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈی جی ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق بھارت کے مغرب میں ایک مون سون سسٹم موجود ہےجو سندھ کے مشرقی حصے میں داخل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سسٹم مضبوط ہوا تو اندرون سندھ سمیت کراچی میں بارش برسا سکتا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور مغربی علاقوں میں ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔