’امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے‘

August 19, 2018

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے ، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، ون ویلنگ کا خاتمہ اور ٹریفک مینجمنٹ کے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

سندھ میں وزارت اعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سید مراد علی شاہ نے امن وامان پر پہلے اجلا س کی صدارت کی جس میں سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ نے انہیں بریفنگ دی۔

وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کے چھیننےکی خبریں نہیں چاہتا سخت اقدامات کریں، اجلاس میں پولیس میرج گرانٹ کو 10 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ اجلاس کا مقصد صوبے میں امن و امان قائم کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور عید کے دوران امن و امان ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہر میں عید کے دوران ٹریفک مینجمنٹ اور ون ویلنگ کی روک تھام ضروری ہے ۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کل 10269 پولیس اہلکار ٹریننگ پرہیں ۔1237 پولیس اہلکار آرمی ٹریننگ کورس کررہے ہیں۔432 پولیس اہلکاروں کو پاکستان آرمی سے خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے، جبکہ 300 پولیس اہلکار کمانڈو کورس کررہے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے 30 فیصد پولیس فورس کو ٹریننگ پر رکھنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ مجھے قربانی کے جانوروں کی کھالیں چھیننے کی خبریں نہیں چاہئے۔ہم نے گزشتہ دو سال میں امن و امان کے مسئلے پر قابو پایا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنےکے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

سید مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے پر بگل بجا کر ان کا استقبال کیا گیا، جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے تمام اسٹاف سے فرداَ فرداَ ملاقات کی ۔

استقبالیہ تقریب میں پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔