محکمہ ماحولیات پولی تھین شاپنگ بیگز کی دکانوں پر چھاپے 7 دکانیں سربمہر

August 20, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) محکمہ ماحولیات کی حیدرآبادپولیس کے ہمراہ مارکیٹ ٹاور میں پولی تھین(شاپنگ بیگز) کی ہول سیل کی دکانوں پر چھاپے 7 دکانیں سیل کردیں، 6 ہول سیلرز دکانیں بند کرکے فرارکوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اورنہ ہی کوئی مقدمہ درج کرایاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی سارہ جاوید، مختار کارسٹی اور محکمہ ماحولیات کے افسران نے گذشتہ شب مارکیٹ پولیس کے ہمراہ ٹاورمارکیٹ کے علاقے میں مضرصحت پلاسٹک کے دانے سے بننے والے پولی تھین بیگ فروخت کرنے والے ہول سیلرز کی دکانوں پر چھاپے مارکر ایک دکان کو سیل کردیا جس پر پولی تھین بیگز فروخت کرنے والے دیگرہول سیلرز دکانیں بندکرکے فرارہوگئے۔ بعدازاں محکمہ ماحولیات کے افسران نے مارکیٹ اورسخی پیر تھانے کی حدود میں واقع مزید 6 شاپنگ بیگز کی ہول سیل کی دکانوں کو سیل کردیا۔ ایس ایچ او مارکیٹ نے جنگ کے رابطہ پر بتایا کہ مضر صحت دانے سے تیار کردہ شاپنگ بیگ کی فروخت پر ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ ماحولیات نے نوٹس جاری کرکے ان ہول سیلرز کوطلب کیاتھا، احکامات کی حکم عدولی پر کارروائی کی گئی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اورنہ ہی کسی نے مقدمہ درج کرایاہے۔