وزیراعظم کا خطاب تاجربرادری کی توقعات کے مطابق ہے،افتخارملک

August 21, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بزنس کمیونٹی کی توقعات کے عین مطابق قرار دیا ہے۔ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک،سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،سیکریٹری جنرل زبیر طفیل،ترجمان گلزار فیروز،سینیٹر عبدالحسیب خان، سینیٹر الیاس احمدبلور،عبدالسمیع خان،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، خالدتواب، میاں محمدادریس، ریاض الدین شیخ، ا نجینئر داروخان، یو بی جی کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین نوید بخاری، تنویراحمدشیخ، حنیف گوہر، نوراحمدخان، ممتازشیخ، شکیل ڈھینگڑا، ظفر بختاوری، ملک سہیل حسین، حمید اختر چڈھا، عبدالسمیع خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی حکومت ملک میں بہتری کے لیے پرعزم ہے آئندہ 100روز میں حکومت کی سمت واضح ہوگی۔افتخار علی ملک نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیر اعظم کی پہلی تقریر بہت حوصلہ افزا تھی،نو منتخب حکومت جو اقدامات کرنے جارہی ہے اس میں کچھ وقت لگے گا اس لیے عوام کو نئی حکومت کو کچھ مہلت دینا ہوگی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی، کرپشن کا خاتمہ، ٹیکسوں کے نظام کی بہتری، لوٹی گئی دولت کی واپسی، پانی کی قلت اور سماجی شعبے کی بہتری کے لیے وزیر اعظم کے قوم سے وعدوں کی تکمیل میں تاجر برادری حکومت اور عمران خان کا ساتھ دے گی۔زبیرطفیل نے کہاکہ ایف بی آر میں اصلاحات اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے، قوم کو عمران خان سے بہت توقعات ہیں بزنس کمیونٹی ملک و قوم کی بہتری کے لیے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔ گلزار فیروز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر سے ملک میں بہتری کی ہوائیں چلنے کی کچھ امید بندھی ہے تاہم انہیں یہ مشن کانٹوں پر چل کر ہی مکمل کرناہوگا۔