ملک کی خاطر عزت سے کھیل کر ریٹائر ہونا چاہتا ہوں، حفیظ

September 05, 2018

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی خاطر عزت سے کھیلنا اور عزت سے ہی ریٹائر ہونا چاہتے ہیں۔

لاہور این سی اے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی سلیکشن کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ،وہ قائد اعظم ٹرافی میچز میں اپنی کارکردگی دکھا کر دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

اس سے قبل5 ستمبر یعنی آج بدھ کی صبح محمد حفیظ نے صحافیوں کو آگاہ کیا کہ وہ دو پہر میں پریس کانفرنس کریں گےجس کے بعد یہ امکان پیدا ہوگیا کہ آل رائونڈر ایشیا ءکپ میں قومی اسکواڈ کا حصہ نہ بننے کے باعث اپنے کیریئر کے حوالے سے اہم فیصلہ کر یں گے۔

پی سی بی کے علم میں جب حفیظ کی پریس کانفرنس کی بات آئی تو انہوں نے آل راؤنڈر سے رابطہ کرکے انہیں منا لیاجس کا اثر یہ ہوا کہ حفیظ نے اپنی پریس کانفرنس ملتوی کردی اور صحافیوںکو بتادیا کہ وہ پاکستان ٹیم کو ہمیشہ دستیاب ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نےایشیا ءکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا جس میں آل راؤنڈر محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام شامل نہیںکیا گیا تھا۔