فیفا ایوارڈ کی فہرست میں فرنچ فٹبالرز نہ ہونے پرگریزمین برہم

September 06, 2018

پیرس ( جنگ نیوز ) فرانس فٹ بال کا عالمی چیمپئن ہے لیکن فیفا کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالرز قرار پانے کی دوڑ میں کوئی فرنچ اسٹار شامل نہیں، اس پر فرانس کے اسٹرائیکر انٹوئن گریز مین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ فیفا کی جانب سے جاری کردہ تین ٹاپ امیدواروں میں کرسٹیا رونالڈو، لوکا موڈرچ اور محمد صلاح شامل ہیں لیکن خود گریز مین موجود نہیں۔ گریز مین نے سیزن میں یورپا لیگ، سپر کپ اور ورلڈکپ جیسے ٹائٹل جیتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عالمی کپ جیتا، لیکن حتمی نامزدگیوں میں کوئی فرنچ کھلاڑی نہیں، یہ کیا مذاق ہے۔ خیال رہے کہ ابتدائی فہرست میں گریزمین، کائلیان ایمباپے، رافیل ورانے اور بہترین گول کیپر کی فہرست میں ہیوگو فلوریس موجود تھے لیکن فائنل لسٹ سے انہیں خارج کردیا گیا ہے۔