تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات۔۔۔

September 06, 2018

س۔سرمیرے بیٹےنے ایف۔ایس۔سی نان میڈیکل میں کی ہے۔ میں اس کو بیرونِ ملک بھیجنا چاہتا ہوں خاص کر آسٹریلیا۔کیا اس کو پہلے انجینئیرنگ کی ڈگری مکمل کرنی چاہئے ؟ اگر ایسا ہے تو انجینئیرنگ کی کونسی شاخ پڑھنی چاہئے جو اس کے کام آسکے؟ (جاوید رزاق۔اسلام آباد)

ج۔جناب رزاق صاحب، اگر آپکے بیٹے نے ایف۔ایس۔سی پری انجنیئرنگ کی ہے تو وہ بیرونِ ملک کسی بھی ملک میں بشمول آسٹریلیا، داخلہ لے سکتا ہے بشرطیکہ اس نے کم ازکم 60فیصد نمبر لئے ہوں۔اس کے علاوہ اسے انگلش لینگویئج کورس یعنی IELTS 6.0 OR IBT 85 کرنا ہوگا۔ انجنیئرنگ میں کئی ایسے مضامین ہیں جن میں سے کوئی ایک یہ کر سکتا ہے جیسا کہ الیکٹریکل، سول، کمپیوٹر، کیمیکل یا اینوائیرمینٹل انجنیئرنگ وغیرہ۔ ان سب کا انحصار آپکے بیٹے کی دلچسپی اور جو ملک وہ پڑھنے کے لئے چنے گا اس پر ہوگا۔

س۔سرمیں نے میڈیکل اسٹیٹسٹکس میں ایم ایس سی یونیورسٹی آف لیسٹر(یوکے) سے کیا ہے اور یو کے کے ایک اسپتا ل میں میڈیکل اسٹیٹیشن کے طور پر کام کر رہی ہوں،مجھے یہ جاننا ہے کہ اگر میں پاکستان آتی ہوں تو میری اس تعلیم اور تجربے کا کیا اسکوپ ہے اور مستقبل میں مجھے مزید کونسی تعلیم یا کورسز کرنے چاہئے جس سے مجھے مستقبل میں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں؟ (ماہنور۔یوکے)

ج۔پاکستان میڈیکل اسٹیٹیشنز کے لئے ایک بہترین ملک ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کے لئے ملازمت کے مواقع سرکاری شعبوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی این جی اوز میں بھی ہیں جو صحت کے شعبے میں بے شمار کام کر رہی ہیںاور جیسا کے آپ خودجانتی ہیں کہ اضافی سرٹیفکیشن یا ا سپیشلائزیشن آپ کے کیریئر میں مزید مددگار ثابت ہوں گے لہٰذا آپ وائر و لو جی ، موڈرن ایپڈیمولوجی ،پوسٹ اور پری نیٹل مسائل میں سے کسی ایک اسپیشلائزیشن کا انتخاب کر سکتی ہیں،میرا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ پاکستان ایک مختصر مدت کے لئے آئیںاور اپنا ایک پروفیشنل سی وی بنائیں اور پھر مختلف جگہوں پر ملازمت کے لئے اپلائی کریں مجھے یقین ہے کہ آپ کوانشاء اللہ مثبت جواب ملے گا۔

س۔میں ایم بی اے کر رہا ہوں،مجھے آپ سے مشورہ چاہئے کہ میں ایم بی اے میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں؟ (حارث سہیل۔اسلام آباد)

ج۔اگر آپ میتھس میں اچھے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فنانس کی اسپیشلائزیشن کا انتخا ب کریں جس میں اسلامک فنانس سب سے اہم ہے اس کے علاوہ آپ کے پاس آپشن رسک اینڈ فنانشل مینجمنٹ کی بھی ہے،اگر اس میں آپ کی دلچسپی نہیں ہے تو آپ سپلائی چین مینجمنٹ یا پھر مارکیٹنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

س۔میں نے بی ایس سی سوفٹ ویئرانجینئرنگ اور بی اے بھی کیا ہے،اب میں مزید ایم فل کرنا چاہتا ہوں لیکن انٹرنیشنل ریلیشن اور ہسٹری میں سے کسی ایک اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں،میری دلچسپی کرنٹ افیئرز میں بھی ہے آپ کی رہنمائی چاہئے ۔ (فرخ۔پشاور)

ج۔بیٹا سب سے پہلے میں یہ جاننا چاہوں گا کہ چارسال بیچلرزسوفٹ ویئر انجینئرنگ میںکرنے کے بعد آپ نے بی اے کیوں کیااور بی اے میں آپ کے مضامین کیا تھے،اب آپ ایم فل کرنا چاہتے ہیں یا آپ سی ایس ایس کے لئے کوشش کر رہے ہیں کیونکہ سوفٹ ویئر انجینئرنگ کے بعد انٹرنیشنل ریلیشن اور کرنٹ افیئرز یہ دونوں شعبے بالکل الگ ہیں،آپ میرے سوالات کے جوابات ای میل کریں تاکہ میں آپ کی بہتر رہنمائی کر سکوں۔