سندھ میں موسمیاتی تبدیلیاں، بارشیں نہ ہونے سے غذائی قلت

September 11, 2018

موسمیاتی تبدیلیوں نے سندھ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، مون سون بارشیں نہ ہونے کے باعث کئی اضلاع میں غذائی قلت کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

خوراک اور پانی کی قلت کے باعث لوگوں نے اپنے آبائی علاقوں سے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

تھرپارکر کے بعد ضلع جامشورو ،عمرکوٹ، دادو، تھانہ بولا خان، سیہون، کوٹری اور مانجھند کے کئی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے باعث خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

لوگ بھوک اور بدحالی کا شکار ہیں، کنویں خشک، زیر زمین پانی کھارا اور زمینیں بنجر ہوگئی ہیں جس کے باعث جانوروں کے ساتھ لاکھوں افراد کو شدید خوراک کی کمی کا سامنا ہے،کئی اضلاع میں تو لوگ نقل مکانی بھی کرگئے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے مون سون بارشیں نہ ہونے کے باعث سندھ بھر کے کمشنرز سے رپورٹ طلب کرلی ہے کہ کن کن اضلاع میں خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، حکومت نے فوری اقدامات نہیں آٹھائے تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔