امریکا کا فلسطینی مشن کو بند کرنا خطرے کی گھنٹی ہے، ترکی

September 12, 2018

انقرہ (اے ایف پی) ترکی نے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے سفارتی مشن بند کیے جانے کے امریکی فیصلے کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واضح ہوگیا کہ امن کے قیام میں امریکا غیر جانب دار نہیں رہ سکتا۔ ترک وزارت خارجہ کے ترجمان حامی اکسوئے کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ پریشان کن ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں امریکا غیر جانب دار نہیںʼ۔ حامی اکسوئے کا مزید کہنا تھا کہ یہ اعلان صرف ان کے لیے حوصلہ افزا ہوگا جو دو ریاستی حل کے مخالف ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہم نے پی ایل او کو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کے حصول کے لیے اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔