پولیس کا مقصد عوامی خدمت اور جرائم کیخلاف ڈٹ جانا ہے، آئی جی سندھ

September 13, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر سید کلیم امام نےانسپکٹرجنرل آف پولیس سندھ کاچارج سنبھالتے ہوئے محکمانہ امور کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، سینٹرل پولیس آفس کراچی میں انکی آمد پرپولیس کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، آئی جی سندھ کی آمد پر پولیس کے اعلی ٰافسران بھی موجود تھے، ایڈیشنل آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ، ڈی آئی جی فنانس، ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی، و دیگر سینئر پولیس افسران نے آئی جی سندھ کا استقبال کیا، اس موقع پر آئی جی سندھ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سینٹرل پولیس آفس میں تعینات جملہ سینئر افسران، سی پی او سکیورٹی افسران، جوانوں سمیت دیگر شعبوں سے منسلک اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کا مقصد عوامی خدمت اور جرائم کے خلاف ڈٹ جانا ہے، بحالی امن جیسے اقدامات میں شہیدوں کی قربانیاں اور غازیوں کے کارہائے نمایاں سندھ پولیس کا طرہ امتیاز ہیں، محکمہ پولیس ایک ٹیم ورک کا نام ہے کوئی بھی اکیلا ہدف حاصل نہیں کرسکتا جبکہ ایک ٹیم کی حیثیت میں اٹھائے جانیوالے راست اقدامات میں کامیابی سو فیصد یقینی ہوجاتی ہے۔