کشمیری قیادت اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کرے،جاوید کاکرو

September 13, 2018

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)کشمیر وائس انٹرنیشنل کے جنرل سیکرٹری جاوید کاکرو نے سرینگر سے واپسی پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں کشمیر کی دو طرفہ قیادت کو ضرور جانا چاہئے۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں وہ لوگ جائیں جو غیر جانبدارہوں ان کا کسی بھی جماعت سے تعلق نہ ہو جو مقبوضہ کشمیر میں بھارت فوج کی ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں اور ظلم و ستم کو تصاویر کی شکل میں خود اپنی زبانی موقف پیش کرسکیں تاکہ بھارت کی جمہوریت اور سیکولر کا اصل چہرہ اقوام متحد کے اجلاس میں شریک ہونے والے 193 ممالک اور عالمی برادری کے سامنے پیش کرسکیں، ہم حکومت پاکستان اوروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےکہتے ہیں کہ وہ کشمیر کی دو طرفہ قیادت کو اپنے وفد میں شامل کریں اور کشمیر کی دوطرفہ غیر جانبدارقیادت کو اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں خطاب کرنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا بھارت کے حکمران کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی بھارت کے حکمرانی کشمیر پر اقوام متحدہ کی پیش کردہ انسانی حقوق کمیشن کو تسلیم کرتے ہیں۔ آخر مسئلہ کشمیر کا حل کیا ہے؟ اس وقت پوری وادی بھارتی افواج کے ہاتھوں فوجی چھائونی بنی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کو پرامن حل کیلئے منظور ہوئی تھیں مگر بھارت کے حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو عوام کی خواہش کے تحت حل کرنے کے بجائے ریاست کے اندر دہشت اور قتل و غارت شروع کردی ہے۔ اسی پر اقوام متحدہ سیکورٹی کونل کیوں خامشو ہے اس نے یہ دوہرہ معیار کشمیریوں کے خلاف کیوں اختیار کررکھا ہے۔ اب وقت آگیا پاکستان میں وزیراعظم پاکستان عمران خان مسئلہ کشمیر کی دو طرفہ قیادت کو اتحاد میں لے کر کشمیر پر نئی پالیسی تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں نئی نوجوان نسل نے تحریک کو اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے نئی نوجوان نسل نے بھارت کی فوج کو پیچھے دھکیلنا شروع کر دیا وقت قریب ہے بھارت کو کشمیر سے ہر صورت نکلنا پڑے گا فتح ہماری ہوگی۔