تقریب کے دوران مبینہ غیرسفارتی طرزعمل،برطانیہ سے پاکستانی ہائی کمشنراسلام آبادطلب

September 13, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کرلیا ہے اور ان کو ہدایت کی ہے کہ لندن میں ہونیوالی تقریب میں وہ اپنی غیر سفارتی طرز عمل کے بارے میں تحریری وضاحت کے ساتھ پیش ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ایک سنیئر اور کیرئیر ڈپلومیٹ جو اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہیں دو ماہ قبل ہی لندن میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔گزشتہ دنوں لندن میں ہونیوالی تقسیم ایوارڈ کی ایک تقریب جس میں پاکستانی فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے ممتاز فنکار موجود تھے اور بطور خاص پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کو اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا لیکن تقریب کے دوران ایک مرحلے پر وہ اسٹیج آگئے اور فنکاروں کو ایوارڈ دینے کیلئے اسٹیج سیکرٹری کے انداز میں بلانا شروع کردیا، جو کچھ شرکاء کیلئے حیران کن تھا۔ اس دوران وہ اداکار جاوید شیخ کے پاس گئے اور ان سے عجیب لہجے میں بے ربط سوال کرنے شروع کر دیئے۔نئی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل صاحبزادہ احمد خان وزارت خارجہ میں چیف آف پروٹوکول کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ انہیں یہ ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے بریفنگ کے دوران بھی بتایا گیا تھا، آنے والے دنوں میں خطے میں ہونیوالی تبدیلیوں کے پیش نظر برطانیہ میں ہمارے ہائی کمیشن کی ذمہ داریاں اہم ہونگی اس لئے وہاں ایک سنیئر با صلاحیت، تجربہ کاری اور آپ جیسے کیرئیر ڈپلومیٹ کی تقرری کی جارہی ہے۔اس واقعے کے بارے میں ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔