سب سے زیادہ تنخواہ دینے والے 10 ممالک

September 16, 2018

جرمنی کا ڈوئچے بینک گزشتہ7سال سے دنیا کےسب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے اور سب سے طاقتور شہروں کی سالانہ فہرست جاری کررہا ہے۔ یہ فہرست مرتب کرنے میں، ہر شہر میں سگریٹ کے پیکٹ کی قیمت سے لے کر 2بیڈ روم کے اپارٹمنٹ کے اوسط کرائے تک، متعدد مصنوعات اور خدمات کی قیمتوں اور ان شہروں میںرہنے کے مجموعی اوسط اخراجات کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ رپورٹمیں معیارِ زندگی، ٹیکس اور گھر کے کرائے کے بعد دستیاب تنخواہ اوروِیک اینڈ تفریح کے اخراجات کو بھی دیکھا جاتا ہے۔ رپورٹمیں کہا گیا ہے کہ دراصل، ٹیکس اور گھر کا کرایہ ادا کرنے کے بعد ایک شخص کے پاس باقی اخرجات کے لیے جتنی آمدنی بچ جاتی ہے، اس سے ہی کسی بھی شہر کے امیر ہونے کا درست اندازہ لگایا جاتا ہے۔

ہرشخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے کیریئر میں بہترین تنخواہ اور مراعات ملیں۔ہرچند کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کچھ ڈگریوں جیسے STEM، بزنس اور سوشل سائنسز میں میجرز کرنے والے نوجوانوں کو دیگر کے مقابلے میں زیادہ تنخواہیں اور مراعات کی پیشکش کی جاتی ہے، تاہم ڈوئچے بینک کی رپورٹ سے یہ دلچسپ حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ دُنیا میں کچھ ایسے شہر بھی موجود ہیں، جہاں انھیں عالمی اوسط تنخواہوں سے زیادہ کی پیشکش کی جاتی ہے۔ اس کی وجوہات میں، اس شہر کا لائف اسٹائل، رہنے کے مجموعی اوسط اخراجات، شہریوں کے پاس دستیاب قابلِخرچ آمدنی اور ٹیکسوں کی شرح شامل ہے۔

جرمنی کے ڈوئچے بینک کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں، دنیا کے ایسے ہی شہروں کا احاطہ کیا گیا ہے، جہاںملازمین کو سب سے زیادہ تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ بینک نے ان شہروں کو سب سے زیادہ تنخواہ دینے والے شہروں میں شامل کیا ہے، جہاںملازمین کو ماہانہ اوسطاً2ہزار ڈالر سے زائد تنخواہ دی جاتی ہے، اس طرح ایسے شہروں کی تعداد28بنتی ہے۔ ہم یہاںپر آپ کی دلچسپی کے لیے ٹاپ10شہروں کی فہرست پیش کررہے ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے ان ٹاپ10شہروں میں ماہانہ اوسطاً تین ہزار ڈالر سے زائد تنخواہ دی جاتی ہے۔

زیورخ

سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے شہروں میں سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ پہلے نمبر پر ہے، جہاں ملازمین کو کم ازکم ماہانہ تنخواہ5,764امریکی ڈالر دی جاتی ہے۔

کیلی فورنیا

دوسرے نمبر پر امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر سان فرانسیسکوہے، جہاں اوسطاً ماہانہ تنخواہ 4,974 امریکی ڈالر ہے۔ شہروں کی عالمی فہرست میں دوسرے نمبر پر یہ شہر، امریکا میں سب سے زیادہ تنخواہوں کی پیشکش کرنے والا شہر ہے، کیونکہ یہاں زندگی گزارنے کے اخراجات امریکا کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں، جیسے گھروں کا کرایہ اور اشیائے صرف کی قیمتیں وغیرہ۔

نیویارک

اس فہرست میں تیسرے نمبر پر بھی امریکا کا شہر موجود ہے۔ امریکا کے سب سے زیادہ کاسموپولیٹن شہر نیویارک میں ملازمین کو ماہانہ اوسطاً4,115 امریکی ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔

سڈنی

چوتھے نمبر پر آسٹریلیا کا شہر سڈنی ہے، جہاں ملازمین کو ماہانہ اوسط تنخواہ 3,914 امریکی ڈالر ملتی ہے۔

بوسٹن

امریکی شہر بوسٹن پانچویں نمبر پر ہے، جہاں ماہانہ اوسط تنخواہ 3,740 ڈالر دی جاتی ہے۔

اوسلو

ناروے کا شہر اوسلو اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے، جہاں ماہانہ اوسط تنخواہ3,664 ڈالر دی جاتی ہے۔

شکاگو

امریکا کے شہر شکاگو کا اس فہرست میں ساتواں نمبر ہے، جہاں ماہانہ اوسط تنخواہ 3,650 ڈالر ملتی ہے۔

کوپن ہیگن

آٹھویں نمبر پر ڈنمارک کا شہر کوپن ہیگن ہے۔ ڈنمارک کے دارالحکومت میںملازمین کو ماہانہ کم از کم تنخواہ3,462 امریکی ڈالر ملتی ہے۔

دبئی

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ رپورٹکے مطابق، ملازمین کو دبئی میں ماہانہ اوسطاً 3,447امریکی ڈالر کے مساوی تنخواہ دی جاتی ہے۔

فرینکفرٹ

جرمنی کا شہر فرینکفرٹ بھی سب سےزیادہ تنخواہیںدینے والے ٹاپ 10شہروں کی فہرست میں جگہ بنانے میںکامیاب رہا ہے۔ فرینکفرٹمیں ملازمین کو ماہانہ اوسطاً 3,389امریکی ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔

دیگر د لچسپ حقائق

وِیک اینڈتفریح کیلئے کوپن ہیگن دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے۔مِلان، ویانا اور زیورخ دیگر مہنگے ترین شہر ہیں جبکہ وِیک اینڈ تفریح کیلئے استنبول دنیا کا سستا ترین شہر ہے۔ اوسلو، میلبورن اور دبئی سگریٹ خریدنے کیلئے مہنگے ترین شہر ہیں۔ سنگاپور، کوپن ہیگن اور اوسلو میں کاریں سب سے مہنگی ہیں، کیونکہ ان شہروں میں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے سائیکل چلانے اور پیدل چلنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ایپل کا آئی فون برازیل، یونان اور ڈنمارک میں سب سے مہنگا ملتا ہے۔