کراچی:سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 18وارداتوں کے 40ملزمان گرفتار

September 15, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کی نئی حکمت عملی کے تحت کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی کا سود مند استعمال شروع کردیا ہے جس کے تحت سی سی ٹی وی فوٹیجز کو اسٹریٹ کرائم کے ملزمان کے خلاف اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس نئی حکمتِ عملی کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران 18 وارداتوں میں ملوث 40 ہوبہو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مقدمات کی تفیش اور عدالتوں میں سماعت کے دوران ملزمان اور ان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو اہم ثبوت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ’جنگ‘ کو بتایا کہ کراچی کےضلع غربی میں اسٹریٹ کرائمز، دکانوں اور دیگر املاک پر مختلف 5 وارداتوں میں ملوث 13 ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 3 وارداتوں کے 7 ملزمان پکڑے ہیں۔

پولیس چیف کے مطابق کورنگی ڈسٹرکٹ پولیس نے 3 وارداتوں کے 5 جبکہ ساؤتھ نے 2 وارداتوں کے 2 کو گرفتار کیا ہے۔

کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے 3 وارداتوں کے 11 ملزمان کی گرفتاریاں کی ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایک واردات کے 2 ملزمان گرفتار کیے ہیں۔

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ بتایا کہ ماضی میں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے معاون کے طور پر استعمال کرنے کا رواج کم تھا، عموماً وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میڈیا پر جاری کردی جاتی تھیں،یہ عمل عوام الناس میں خوف و ہراس کا سبب بن رہا تھا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے گزشتہ ہفتے پولیس افسران کے ایک غیر معمولی اجلاس میں سی سی ٹی وی فوٹیج کو ملزمان کی گرفتاری کے ٹول کے طور پر استعمال کرنے پر زور دیا تھا، جس کے بعد 7 دن کے دوران پولیس نے 18 وارداتوں کے 40 اصل اسٹریٹ کریمنلز کو قابو کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو کیسز میں عدالتوں میں اہم ثبوت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے تفتیشی ماہرین کے مطابق ان ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو سزائیں ملنے کی شرح میں اضافہ ہوگا۔