آسٹریلوی کھلاڑی نے مجھے ’اسامہ ‘کہا، معین علی

September 15, 2018

پاکستانی نژاداور انگلش آل راونڈر معین علی نے کہا ہے کہ 2015 ء میںایشز سیریز کے دوران ایک آسٹریلوی کھلاڑی انہیں ’اسامہ‘ کہہ کر پکارا تھا ۔

آل رائونڈر نے یہ سنسنی خیز انکشاف اپنی سوانح حیات میں کیا، جس میںانہوں نے آسٹریلوی کھلاڑیوں پر تعصبانہ رویے کا الزام عائد کیا۔

انہوںنے بتایا کہ 2015 ءمیں کارڈف ٹیسٹ کے دوران جب وہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے کے لئے میدان میں اترے تو انہیں ایک کھلاڑی نے اسامہ کہہ کر پکارا تاہم انہوںنے کھلاڑی کا نام نہیں بتایا۔

کارڈف ٹیسٹ میںمعین علی نے میچ وننگ پرفارمنس دی تھی ،جس میں انہوںنے77رنز اسکور کرنے کے ساتھ 5وکٹ بھی حاصل کئے تھے اور آسٹریلیا کو انگلینڈ کے ہاتھوں 169 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

آل رائونـڈر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ میری پہلی میچ وننگ پرفارمنس تھی لیکن اس میچ میں ایک کھلاڑی کی جانب سے کسے جانے والے اس جملے کو جب میں نے سنا تو مجھے اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا اور سخت دھچکا لگا جبکہ وہ کھلاڑی کہہ رہا تھا کہ اس اسامہ کو قابو کرنا ہے۔

معین علی نے مزید بتایا کہ یہ سن کر میرا چہرہ لال ہوگیا کیوں کہ کرکٹ کے میدان میں پہلی بارمیں اس قدر غصے میں دکھائی دیا تھا اور یہ جملہ میری برداشت سے باہر تھا۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے معین علی کے الزامات پر تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔

آل رائونڈر کے الزام پر آئی سی سی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان الزامات سے کوئی تعلق نہیں اور ہر ملک کی اپنی نسلی تعصب کی پالیسی ہے۔