نواز، مریم، صفدر کی سزا معطلی درخواست، سماعت کل تک ملتوی

September 17, 2018

سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے، پراسیکیوٹر سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ نے خود جس بات کی رضامندی دی اب اس کو ہی چیلنج کردیا، ابھی تو ہم نے فیصلہ بھی نہیں دیا، سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل یہ ہے کہ اکرم قریشی نے دلائل دینے ہیں، نیب کے کہنے پر سزا معطلی کیس سنا، نیب سے پوچھ کر پیر تک کیس ملتوی کیا، اب نیب پراسیکیوٹر سپریم کورٹ چلے گئے۔

جس کے بعد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔