ایشیا کپ: افغانستان کا سری لنکا کو جیت کیلئے 250رنز کا ہدف

September 17, 2018

ایشیاء کپ کے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف مقرر کردیا، رحمت شاہ کے شاندار 72 رنز اور پریرا کے 5 وکٹ اننگز کی جان بن گئے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے تیسرے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو افغان اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، پہلی وکٹ پر 57رنز کی شراکت قائم کی اور حریف ٹیم کو ایک اچھا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹیم کی جانب سے رحمت شاہ 72، ہشمت اللہ شاہیدی 37، احسان اللہ 45 اور محمد شہزاد 34رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم تھیسا را پریرا 5، اکیلا دننجایا 2، ملنگا، چمیرا اور جے سوریا ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ آج کا میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

آج کے میچ کے لیے لنکن الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور دلرون پریرا، امیلا اپونسو اور سرنگا لکمل کی جگہ شیہان جے سوریا، دشمناتھا چمیرا اور اکیلا دننجایا کو ٹیم میں شمل کیا گیا ہے۔

گروپ 'بی میں شامل سری لنکن ٹیم آج اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہے، پہلے میچ میں اسے بنگلادیش نے شکست دی تھی جبکہ افغانستان کا یہ پہلا میچ ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر گروپ 'بی میں بنگلادیش 2 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا کا رن ریٹ منفی 2.74 ہے۔

گروپ 'اے میں شامل پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جس کے بعد اسے 2 پوائنٹس ملے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔