کے ڈی اے اسکول نارتھ ناظم آباد میں شجر کاری مہم شروع

September 18, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ براہ راست ماحولیاتی شعور بڑھانے کے لئے مشاورتی تقریبات کا سہارا لیا جائے، جن میں مذاکرے، مباحثے، اجلاس وغیرہ شامل ہیں، تاکہ ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور شہر کراچی کو سرسبز بنانے میں ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کرسکیں۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام کے ڈی اے اسکول نارتھ ناظم آباد میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگاتے ہوئے کہی۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ایمپلائز یونین کے عہدیدار طاہر جاوید، عامر علی، انتخاب عالم، دلاور حسین، کے ڈی اے میڈیا کو آرڈی نیٹر اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ عوام شجر کاری مہم کا حصہ بنیں، شجرکاری کے باعث ملک میں آلودگی کا خاتمہ ہوگا۔ادارہ ترقیات کراچی شہریوں اور شہر کراچی کو قدرتی ماحول اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ ماضی میں شہر کراچی کی تعمیر و ترقی میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔