اسٹاک مارکیٹ، ہفتے کا مندی سے آغاز، 100 انڈیکس مزید 400 پوائنٹس کم ہوگیا

September 18, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتےکا آغاز بھی مندی سے ہوا اور 100 انڈیکس مزید 400 پوائنٹس کم ہو گیا۔سرمایہ کاری مالیت بھی 123 ارب 21کروڑ روپے سے زائدگھٹ گئی ،کاروباری حجم گزشتہ کاروباری روز کی نسبت 7.37 فیصد کم جبکہ 74.02 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنزکی جانب سے کیمیکل، فوڈ اور دیگر سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 40961 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مقامی سرمایہ گروپوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی،جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور 100انڈیکس 40254 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میں 100انڈیکس کی 40500 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ جاری رہا۔معاشی ماہرین کے مطابق وفاقی حکومت کا ممکنہ منی بجٹ اورفرٹیلائزرسیکٹر پر نئے ٹیکسوں کے ممکنہ طور پراطلاق کی خبروں سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گراوٹ دیکھی گئی۔معاشی تجزیہ کارو کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کی خبر بھی اسٹاک مارکیٹ پربری طرح اثرانداز ہوا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس 399.84 پوائنٹس کمی سے 40520.47 پوائنٹس پربندہوا۔مجموعی طور پر 358کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 68 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 265 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 25 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 23 ارب 21 کروڑ 20لاکھ 4ہزار 340 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 83کھرب 42 ارب 44 کروڑ 10لاکھ 39 ہزار 308روپے ہوگئی ۔پیرکومجموعی طور پر 14کروڑ 52ہزار 280 شیئرزکا کاروبارہوا،جوجمعہ کی نسبت ایک کروڑ 15لاکھ 59ہزار 440 شیئرزکم ہیں۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے انڈس موٹرکے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 22.54 روپے اضافے سے 1500.62 روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت 9.99 روپے اضافے سے 1839.99 روپے پر بند ہوئی ۔نمایاں کمی کولگیٹ پامولیو کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت 124.10 روپے کمی سے 2357.90 روپے اورگندھارا انڈسٹری کے حصص کی قیمت 34.90 روپے کمی سے 663.16 روپے پر بند ہوئی ۔پیرکولوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں 2کروڑ 37لاکھ 28ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرز کی قیمت 22پیسے کمی سے 14.21روپے اور یونٹی فوڈزلمیٹڈکی سرگرمیاں ایک کروڑ 35لاکھ 36ہزار 500شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرز کی قیمت 1.70 روپے کمی سے 34.52 روپے ہو گئی۔پیر کو 30انڈیکس 229.77 پوائنٹس کمی سے 19793.78 پوائنٹس، کے ایم آئی 30انڈیکس 832.92 پوائنٹس کمی سے 68671.15 پوائنٹس جبکہ آل شیئر انڈیکس 278.86 پوائنٹس کمی سے 29686.96 پوائنٹس پر بند ہوا ۔