کیریبین لیگ،ٹرنباگو نائٹ رائیڈز تیسری بار چیمپئن بن گئی

September 18, 2018

برج ٹاؤن ( جنگ نیوز ) ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے تیسری مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی میں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین کولن منرو کی جارحانہ بیٹنگ نمایاں تھی۔ ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے فائنل میں گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔ لیوک رونکی44رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جیسن محمد 24، شیمرون ہٹمائر15رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹرنباگو کے کھاری پیری نے3جبکہ ڈوین براوو نے2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو یک طرفہ بنا دیا اور میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.3 اوورز میں2وکٹوں پر پورا کیا۔ کولن منرو نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ برینڈن میک کولم39رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین تھے۔