سندھ اسمبلی ، 29 ستمبر کو 9 ماہ کے بجٹ کی منظوری دے گی

September 18, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، ہفتہ 29 ستمبر کو آئندہ 9 ماہ کے بجٹ کی منظوری دے گی،اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر 24 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا ۔ پیر 24 ستمبر سے جمعہ 28ستمبر تک بجٹ پر عام بحث ہوگی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کو سندھ اسمبلی میں آئندہ 9 ماہ کا بجٹ پیش کیا ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں بیگم کلثوم نواز ، دہشت گردی میں شہید ہونے والے سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں اور دیگر مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی خاتون رکن شاہینہ اشعر نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا۔