وطن عزیز کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے ہمیشہ ایک مضبوط قوم بن کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گے

September 18, 2018

لاہور(خبر نگار) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے ہمیشہ ایک مضبوط قوم بن کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور ملکی وقار اور آزادی کی خاطر ہر قسم کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک سکول کے زیر اہتمام الحمراء ہال نمبر 1مال روڈ پر یوم دفاع شہداء کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک خودمختار قوم ہے جو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور ہماری مسلح افواج نے جس طرح 65ء کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا اسی طرح آج بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا چاہئے جنہوں نے ملکی سلامتی اور تقدس کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔