نیب نے سپریم کورٹ سے غلط بیانی پر غیرمشروط معافی مانگ لی

September 18, 2018

نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز کی منتقلی کے معاملے میں نیب نے سپریم کورٹ سے غلط بیانی پر غیرمشروط معافی مانگ لی۔

ایڈیشنل پراسیکیوٹر حیدر علی نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنسز ایک عدالت سے دوسری عدالت میں منتقلی کے خلاف معاملہ11 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر تھا، ریفرنسز منتقلی کا تفصیلی فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ نہ آنے کا بیان انچار ج پراسیکیوٹر کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی بنیاد پر دیا، ہائی کورٹ 7 اگست کو تفصیلی فیصلہ لکھ چکی تھی۔

حیدر علی نے مزید کہا کہ نیب نے 18 اگست کو مقدمے کی مصدقہ نقول حاصل کرلی تھیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے بنچ سے بھی اپنی غلطی پر معافی مانگ چکا ہوں،ہائی کورٹ نے فراغ دلی سے معافی کو قبول کیا۔

ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے عدالت سے غیرمشروط معافی قبول کرنے کی استدعاکرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ سے بھی غلطی پر معافی مانگتا ہوں۔