ڈبلیو ایس ایس پی سٹیزن لیزان سیل کا آگاہی سیشن وریلی

September 19, 2018

پشاور (سٹی رپورٹر) ٹائون تھری کے ٹائون کونسلر اور یونین کونسل 39 تہکال بالا سے منتخب عوامی نمائندوں نے صفائی ونکاسی آب کی خدمات کی فراہمی میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ لوگوں کو پانی کے بل جمع کرانے اور مخصوص مقامات پر گندگی پھینکنے کی جانب راغب کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اس مقصد کے لئے مساجد میں اعلانات اور علاقے میں عوامی روابط بڑھائیں گے۔ وہ سٹیزن لیزان سیل ڈبلیو ایس ایس پی کے زیر اہتمام تہکال پایان پلوسئی روڈ میں عوامی آگاہی سیشن سے خطاب کر رہے تھے، ٹائون کونسلر مومن خان، نیبر ہوڈ کونسل ناظم داد خان، علاقے کے سماجی رہنما نور ولی، ڈبلیو ایس ایس پی کے حکام جہانگیر خٹک، سہیل فیروز اور دیگر نے خطاب کیا۔ عوام نے اپنے مسائل سے ڈبلیو ایس ایس پی حکام کو آگاہ کیا اور کہا کہ وہ پانی کے بل جمع کرانے کے لئے تیار ہیں، صفائی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے بعض علاقوں میں پانی کے پائپ تبدیل کرانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا سلسلہ شروع کیا جائے جس کے لئے عوام کو مقررہ وقت پر گندگی مخصوص مقام پر رکھنے کی جانب راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کے لئے ہتھ ریڑھیوں کا بندوبست کیا جائے تاکہ بچے پلاسٹک اور گندگی نالیوں میں نہ پھینکے، علاقے میں مزید کوڑا دان لگائے جائیں جبکہ بعض علاقوں میں مزید اہلکار تعینات کئے جائیں۔ ڈبلیو ایس ایس پی حکام نے یقین دلایا کہ منتخب نمائندوں اور عوام کی مشاورت سے مسائل کا فوری حل نکالا جائے گا پائپوں کی تبدیلی بتدریج جاری ہے شکایات سیل 24 گھنٹے کام کر رہا ہے کسی بھی مسئلہ کے لئے 1334 پر کال کی جائے۔ دونوں جانب نے اس امر پر اتفاق کیا کہ علاقے میں غیر قانون کنکشنزکے خاتمے کا باہمی حل نکالا جائے گا پہلے مرحلے میں پیش اماموں اور معاشرے میں اثر رسوخ رکھنے والے افراد کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ صارفین رضاکارانہ طور کنکشنوں کی رجسٹریشن کروائیں۔ بعد ازاں عوامی آگاہی کے لئے واک نکالی گئی۔