مانسہرہ، اسکول اسمبلی کے دوران کرنٹ لگنے سے3 طلباء ٹیچر سمیت جاں بحق

September 19, 2018

مانسہرہ (نمائندہ جنگ) مانسہرہ کے علاقے کیوائی میں مقامی نجی اسکول کے 3طالب علم استاد سمیت کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، واقعہ میں 2افراد شدید زخمی بھی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے معمول کے مطابق صبح اسمبلی کے دوران قومی پرچم لہرا نے کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک جھنڈے کا آہنی پول اسکول کے اوپر سے گزر نے والی بجلی کی مین لائن سے ٹکراگیا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 3 طلباء استاد سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق پیسکو حکام کو متعدد بار زبانی اور تحریری طور پر آگاہ کیا تھا کہ گھروں کے عین اوپر سے گزرنے والی تاروں کو ہٹایا جائے لیکن پیسکو اہلکاروں نے کوئی توجہ نہ دی۔ بعد ازاں جاں بحق بچوں اور استاد کی نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کردی گئی۔ دوسری جانب پیسکو انتظامیہ نے واقعہ پر ورثا سے تعزیت اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔