ٹنڈوجام کے شہریوں کے مسائل حل کرانے کی کوشش کرونگا، خاوند بخش جھیجو

September 20, 2018

ٹنڈوجام (نامہ نگار) تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے رہنما خاوند بخش جھیجو نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور ٹنڈوجام کے شہریوں کے مسائل حل کرانے کی کوشش کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی عوامی رابطہ مہم کے دوران ٹنڈوجام شہر کے علاقے تالپور گوٹھ میں میر محمد نواز تالپور کی قیام گاہ پر شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سندھ کے مسائل حل کرے گی۔ وفاقی حکومت سندھ کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ہمیں امید ہے کہ حکومت سندھ کو نظر انداز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈوجام شہر کے مسائل کو حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ شہر یوں کو شناختی کارڈ کے حصول کے لئے بیس کلو میٹر دور حیدرآباد شہر میں جانا پڑتا ہے۔ اس لئے ٹنڈوجام شہر میں نادرا سینٹر کے قیام کے لئے بھی کوشش کروں گا۔ اس کے علاوہ گیس اور بجلی کی باقاعدہ فراہمی کے لئے بھی وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈوجام کے شہریوں کے ساتھ میرا محبت کا رشتہ ہے جو آئندہ بھی قائم رہے گا۔ اس موقع پر سینئر صحافی میر شاہنواز تالپور، میر علی نواز تالپور، میر ریاض حسین تالپور، میر عمران تالپور اور عامرخان تالپور بھی موجود تھے۔