جامعہ سندھ، مختلف شعبوں کے 440 ٹاپ ٹین طلباء کیلئے ایوارڈ

September 20, 2018

جامشورو( نامہ نگار) جامعہ سندھ میں” وائس چانسلرز اسٹوڈنٹس ایکسیلنس ایوارڈ2017 “ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں آرٹس فیکلٹی اور اسلامک اسٹڈیز فیکلٹی کے 9شعبوں کے ٹاپ ٹین طلباء کو ایکسیلنس ایوارڈ دیے گئے۔بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ میں واقع شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی اس تقریب کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی، جب کہ مہمان خاص ایس ایس پی جامشورو بشیر احمد بروہی تھے۔ تقریب میں دونوں فیکلٹیز کے جن شعبوں کے پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے سال کے 440 ٹاپ ٹین طلباء کو ایوارڈ دیے گئے، ان میں عربک، آرٹس اینڈ ڈزائن، انگلش، پرشین، فلاسافی، سندھی، اردو، کمپریٹو رلیجن اینڈ اسلامک کلچر اور مسلم ہسٹری شامل ہیں۔شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ایس ایس پی جامشورو، متعلقہ فیکلٹیز کے ڈینز اور شعبوں کے سربراہان کے ہمراہ ایکسیلنس ایوارڈ تقسیم کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ نے کہا کہ اس ایوارڈ دینے کا مقصد محنتی اور ذہین طلباء کو پذیرائی دینے کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے، آج دو فیکلٹیز سے ایکسیلنس ایوارڈ کی شروعات کی گئی ہے،مقررہ ٹائیم ٹیبل کے تحت اس قسم کی تقریبات کے ذریعے جامعہ کی تمام فیکلٹیز کے شعبوں کے ٹاپ ٹین طلباء کو یہ ایوارڈ دیا جائیگا۔ ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ ایکسیلنس ایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء کے ساتھ ان کے اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔