درجنوں ڈکیتیوں میں ملوث 3 ملزمان گرفتار، ایک پولیس افسر کا بیٹا 2 ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیں

September 21, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)زمان ٹاؤن پولیس نے ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والے3ملزمان کو گرفتار کرلیا ،گرفتار ہونے والے دو ملزمان ریٹائرڈ سرکاری افسران جبکہ ایک پولیس افسر کا بیٹا ہے ۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد عتیق ، واصف اور عدنان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، ایچ ایچ او انصر عالم نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور کئی سالوں سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقوں میں جاکر گھروں میں ڈکیتیاں بھی کرتے ہیں،ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہو چکے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ ملزمان گلستان جوہر،شاہراہ فیصل،نیوٹاؤن ،بہادر آباد اور کورنگی میں اب تک سو سے زائد ڈکیتیاں کر چکے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کورنگی سیکٹر51-cمیں واقع ہوٹل میں ڈکیتی کرنے آئے تھے ، پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا،ملزمان نے زمان ٹاؤن کے علاقے میں ایک ہفتہ قبل گھر میں ڈکیتی کی تھی اور خواتین سے اسلحے کے زور پر پہنے ہوئے زیوراتار کر فرار ہو گئے تھے،پولیس نے بتایا کہ جس گھر میں ڈکیتی ہوئی تھی وہاں کے مکینوں نے ملزمان کو پہچان لیا ہے اور پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔