آزادکشمیر ، دو سابق جج و بیوروکریٹ کی الیکشن کمیشن میں تقرریاں

September 21, 2018

مظفرآباد( نامہ نگار)حکومت آزادکشمیر نے تیرہویں ترمیم کے بعد دو سابق جج و بیوروکریٹ کی الیکشن کمیشن میں تقرریاں عمل میں لائی ہیں ۔ریٹائرڈ جج عبدالرشید سلہریا کو سینئر ممبر اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو راجہ فاروق نیاز کو ممبر الیکشن کمیشن تعینات کر دیا ہے ۔ان کی مراعات گریڈ بی ۔21بالا ہونگی جبکہ سینئر قانون دان کے ڈی خان کو ایڈووکیٹ جنرل آزادکشمیر تعیناتی کی باضابطہ منظوری بھی دیدی گئی ہے ۔نوٹی فکیشن پیر کے روز جاری کر دیا جائے گا۔سیکرٹریٹ محکمہ قانون و انصاف کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن میں مزید توسیع کر دی گئی ہے ۔جمعرات کے روز صدر ریاست کی منظوری کے بعد وزیر اعظم آزادکشمیر کے ہم زلف سابق سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو راجہ فاروق نیاز کو ممبر جبکہ سابق جج عبدالرشید سلہریا کو سینئر ممبر الیکشن کمیشن تعینات کر دیا گیا ہے ۔ان کی تعیناتیاں عرصہ پانچ سال کیلئے ہونگی ۔جبکہ دوسری جانب سینئر وکیل کے ڈی خان کو ایڈووکیٹ جنرل آزادکشمیر تعیناتی کی باضابطہ منظوری وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے دیدی ہے جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن پیر کے روز جاری ہوگا۔۔مزید برآں اعلیٰ بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر اکھاڑ بچھاڑ بھی اگلے ہفتے متوقع ہے ۔جس میں سیکرٹریز،سربراہان محکمہ جات کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ،آفیسران بھی شامل ہیں ۔آئندہ ہفتے حلف اٹھانے والے وزیر حکومت و مشیر برائے وزیراعظم کو محکموں کے قلمدان بھی سونپے جائیں گے ۔باخبر ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ محکمہ تعلیم میں غیر قانونی تقرریوں ،اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث چیئرمین ٹیکسٹ بورڈ،ڈویژنل ڈائریکٹر و دیگر کے ریفرنسز بھی احتساب بیورو کو ارسال کر دئیے گئے ہیں ۔اور آئندہ ہفتے مزید 82کے لگ بھگ اعلیٰ آفیسران و سربراہان کو چار شیٹ کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔