پی ٹی آئی کا مقامی حکومت کا نیا نظام لانے کا فیصلہ ،مسودہ تیار

September 22, 2018

تحریک انصاف کی حکومت نے مقامی حکومتوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ کرلیا ،اس حوالے سے مسودہ بھی تیار کیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس کل لاہور میں ہوگا ۔

پی ٹی آئی کے مقامی نظام میں وفاق، پنجاب اور پختونخوا کے اضلاع میں انتظامی سربراہ میئراور تحصیل کا سربراہ ڈپٹی میئر ہوگا ،جس کا انتخاب براہ راست ہوگا جبکہ نیا لوکل باڈی سسٹم مکمل آ زادہوگا۔

نئے مقامی حکومتوں کےکے نظام کےلئے تیار مسودے میں پولیس کا محکمہ، ضلعی انتظامیہ ، مالی اختیارات میئر کے پاس ہوں گے ،وہی اے سی آر بھی لکھے گا ۔

نئے نظام کے تحت صوبائی وزیراعلیٰ اور وزراء نئے مقامی حکومتوں کے نظام میں مداخلت نہیں کرسکیں گے ،مسودے میں پی ٹی آئی حکومت کو مقامی حکومتوں کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی تجویز دی گئی ہے ،نئے نظام میں ضلع کونسلز اور یونین کونسلز ہوں گی، جن کےارکان کا انتخاب بھی براہ راست ہوگا۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر اعلی سطح مشاورتی اجلاس اتوار کو لاہور میں طلب کر لیاگیا۔

ذرائع کے مطابق مشاورت کےبعد نئی اصلاحات کی منظوری دیےجانے کا امکان ہے، اتحادیوں کی ایک تجویز ناظم ونائب ناظم کےنام کو برقرار رکھنے کی بھی ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے لیے نئے مقامی حکومتوں کے نظام پرمشاورت ابھی نہیں کی گئی،نیا نظام قومی و صوبائی اسمبلیوں سے منظور کرائے جانے کی تجویز تو ہے مگر صدارتی آرڈیننس کاآپشن بھی زیرغورہے۔