مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوسوں پر لاٹھی چارج، وادی میں ہڑتال

September 23, 2018

کراچی(جاوید رشید، جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پانچ نوجوانوںکی شہادت پر بانڈی پورہ قصبے اور اسکے ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی۔ قابض فورسز نے یوم عاشور کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے شرکاء کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ۔دوسری جانب بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کیخلاف وادی میں مکمل ہڑتال رہی۔ قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے بانڈی پورہ میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔بھارتی فوجیوںنے جمعرات اور جمعہ کے روز بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران پانچ نوجوانوں شہید کر دیے تھے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی عروج پر پہنچ گئی۔ بھارتی قابض فوج نے ضلع شوپیاں میں احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 7کشمیری شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں سے اغوا کئے گئے 4پولیس اہلکاروں میں سے 3کی تشدد زدہ لاشیں مل گئیں،۔ کشمیر میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں سے 4 پولیس اہلکاروں کو نامعلوم نقاب پوش افراد نے گھروں سے اغوا کر لیا جن میں سے 3 اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔