لاہور ،گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق

September 23, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)تھانہ بھاٹی گیٹ کی حدود میں گلے پر ڈور پھرنے سے19سالہ نوجوان جاں بحق، جواں سالہ بیٹے کی لاش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا ماں پر غشی کے دورے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشن سے رپورٹ طلب کر لی ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بیگم کوٹ کا رہائشی19 سالہ بلال گھر جا رہا تھا کہ تھانہ بھاٹی گیٹ کی حدود میں اس کے گلے پر ڈور پھر گئی اور وہ زخمی ہو کر گر گیا۔ پولیس نے زخمی کو ہسپتال منتقل کیا جہا ں وہ زیادہ خون بہہ جانے کے باعث جانبر نہ ہو سکا ،پولیس نے لاش کو قانونی کاروائی کے بعدورثا کے حوالے کر کے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ،جواں سالہ نوجوان کی لاش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اس موقع پر ہر آنکھ آشکبار تھی جبکہ ماں پر غشی کے دورے پڑتے رہے ، میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعدوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔