پاکستان سے بات چیت کی حامی بھرنے سے قبل مجھ سے مشاورت کیوں نہیں کی،مودی سشما سوراج پر برہم

September 23, 2018

لاہور( خالد محمود خالد)بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے ساتھ پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ بھارتی ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے وزیر خارجہ سے ناراضیکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کی حامی بھرنے سے قبل ان سے مشاورت کیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک ضرور ہے لیکن تعلقات کا تعین پالیسی کے تحت ہوگا کیونکہ پاکستان سے مذاکرات کی نوعیت دوسرے ممالک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات جیسی نہیں ۔وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو وضاحت دی کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ غیر رسمی ملاقات کی بات کی گئی تھی جس کے لئے وزیر اعظم آفس کو مطلع کیا گیا تھاجس کے جواب میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سے کوئی بات غیر رسمی نہیں ہوتی۔