سیپک ٹاکرا، پاکستانی خواتین نے برانز میڈل جیتنے کا موقع گنوادیا

September 24, 2018

کورات سٹی، تھائی لینڈ (شکیل یامین کانگا /نمائندہ خصوصی) چائنیز تائپے ،ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کی مینز اور ویمن ٹیموں کو کنگز کپ سیپک ٹاکرا ورلڈ چیمپئن شپ کےریگو مقابلوں کے ابتدائی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑاجبکہ ہوپ میں مینز کی ٹیم صرف 30 پوائنٹس بنا سکی۔ خواتین کی ٹیم نے برانزمیڈل حاصل کرنے کا سنہری موقع ضائع کردیا۔ ہانگ کانگ کے خلاف پہلا سیٹ جیتنے کے بعد امید تھی کہ خواتین ٹیم میچ میں کامیابی حاصل کرلے گی لیکن ٹیم اگلے دونوں سیٹ ہار نے کے بعد نہ صرف میچ ہارا بلکہ برانز میڈل حاصل کرنے کا یقینی موقع بھی ضائع کردیا۔مینز ریگو میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی معیاری نہیں تھی جس کی وجہ سے انہیں بڑے مارجن سے شکست کا سامنا رہا۔ پاکستان کو پہلے سیٹ میں 21-3 اور دوسرے سیٹ میں 21-5 کی شکست ہوئی۔ افتتاحی میچ میں چائنیز تائپے کی ٹیم نے ابتدا ہی سے پاکستانی کھلاڑیوں کو دبائو کا شکار کیا اور اسکور بڑھاتے رہے ایک موقع پر چائنیز تائپے کے آٹھ جبکہ پاکستان کے دو پوائنٹس تھے ۔ پہلا سیٹ انہوں نے 21-3 کے فرق سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث ٹیم منیجر عارف وحیداور کوچ عبدالصمد خان نے حسین احمد کو واپس بلا کر عبدالرحیم کو ٹیم میں شامل کیا ۔ شاکر بلوچ نے 9 بار سروس نیٹ پر ماری یا کورٹ سے باہر پھینکی ۔ ہانگ کانگ نے دوسرا سیٹ بھی 21-5سے جیت کر 2-0 سے میچ میں فتح اپنے نام کی۔ ویمن کے ریگو مقابلے میں پاکستانی ٹیم کو 2-1 کی شکست کا سامنارہا۔ کپتان مریم بٹ، کنول اور صبا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور21-15 سے پہلا سیٹ اپنے نام کیا لیکن اس کے بعد اگلے دونوں سیٹوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح قومی ٹیم نے برانزمیڈل حاصل کرنے کا یقینی موقع ضائع کیا۔ مینز ہوپ میں پاکستانی ٹیم نے آدھے گھنٹے کے وقت میں صرف30پوائنٹس حاصل کئےجبکہ ویتنام کی مینز ٹیم نے اس ایونٹ میں 550 پوائنٹس حاصل کئے۔