پاکستان کی سلامتی کیلیے حکومت اورقومی اداروں کے ساتھ ہیں، صاحبزادہ احسن

September 24, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور بقاءکے لیے حکومت اور قومی اداروں کے ساتھ ہیں، حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری صاحبزادہ محمد احسن ناغڑ اور دیگر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان سے متعلق بیان قابل مذمت ہے اور بھارتی آرمی چیف کو ذہن نشین کرانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں لیکن اگر ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ کر حملہ کرنے کی سوچے گا تو وہ اس کی بھول ہے، کیونکہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور آزاد ریاست ہے اور اگر کسی نے پاکستان کی طرف دیکھا تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر شوکت سومرو، محمد رئیس شیخ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔