پٹرول کی قیمتوں میں ڈیڑھ پونڈ فی ٹینک تک کی کمی ہوسکتی ہے، اے اے

September 24, 2018

لندن (پی اے) آٹو موبائل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں ڈیڑھ پونڈ فی ٹینک گرسکتی ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ تھوک قیمتوں میں کمی اور سپر مارکیٹ کے درمیان قیمتوں کی ممکنہ جنگ کے نتیجے میں پٹرول کی قیمتیں3پنس فی لیٹر کم ہوسکتی ہیں۔ اے اے کے لیوک بوسٹریٹ نے کہا ہے کہ اس ماہ کے شروع میں ڈرائیوروں کو بتایا گیا تھا کہ پمپ پرائس میں اضافے کا خاتمہ نظر میں نہیں اور انہیں ڈیڑھ پونڈ فی ٹینک کمی پر توجہ دینی چاہیے۔ اہم سوال یہ ہے کہ فیول ریٹیلرز کس حد تک اور کتنی جلدی بچتوں کے پاس آنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ممکنہ بچتیں ہول سیلرز کے لیے آئل ریفائننگ مارجن میں کمی اور پونڈ کی حالیہ مضبوطی کے باعث ہوئیں۔ اس ماہ پونڈ کی قدر میں یورو اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہورہی تھی۔ بہرحال یہ جمعہ کو گرگئی۔ یہ کمی تھریسامے کے اس دعوے کے بعد آئی کہ خراب ڈیل سے بہتر ہے کہ بریگزٹ پر کوئی ڈیل نہ ہو۔ برطانیہ میں اس وقت پٹرول کی اوسط قیمت جولائی2014ء کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔ خاص طور پر گزشتہ دو سال میں اعلیٰ ترین سطح پر ہیں۔ حکومت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری2016ء سے اوسط قیمت میں30پنس فی لیٹر سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔