پاکستان کے امن کے پیغام کو بھارت نے کمزوری سمجھ کر غلطی کی، تنویر اقبال

September 24, 2018

لندن (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری آغا تنویر اقبال نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی امن کی کوششوں کو کمزوری سمجھ لیا ہے جو کہ اس کی سب سے بڑی غلطی ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی نے خطے میں ہمیشہ امن کی بات کی۔ بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ پاکستانی عوام جنرل راوت کی بزدلانہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، پاکستانی ایک غیور قوم ہے اور اپنی مسلح افواج کیساتھ کندھے سے کندھے ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کیخلاف آواز اٹھائی ہے، اگر بھارت امن کا راستہ چھوڑ کر اپنا جنگ کا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو دھمکیوں کے بجائے میدان عمل میں آکر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے۔