الاٹمنٹ کے باوجود فقیر آباد فلائی اوور کےنیچے دکانیں سج گئیں

September 24, 2018

پشاور(سٹی رپورٹر) صوبائی حکومت کی جانب سے دکانوں کی الاٹمنٹ کے باوجود تجاوزات مافیا نے فقیر آباد فلائی اوور کے نیچے ایک بار پھرڈھیرے ڈال دیئے ۔ فلائی اوور کے نیچے غیر قانونی سبزی منڈی قائم ہونے کے باعث ٹریفک کے بد ترین رش کے ساتھ ساتھ گندگی کے ڈھیر بھی پڑے ہو ئے ہیں ۔ گزشتہ صوبائی حکومت نے ہشتنگری فلائی اوور کے نیچے سبزی فروشوں کو شاہی با غ کے قریب دو سو سے زائد دکانیں دی تھیں اور انہیں منتقل کرنے کی ہدایات بھی کی تھیں تاہم سبزی فروشوں نے منتقل ہونے سے انکار کرتے ہو ئے اپنے نام الاٹ ہونے والی دکانوں کو مبینہ طور پر کرایہ پردیدیا ہے اور فلائی اوور کے قریب ہی تجاوزات قائم کررکھے ہیں جس کے باعث ٹریفک کے جام ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور طلبہ و طالبات کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ تا ہے شہریوں نے ضلع ناظم پشاور اور صوبائی حکومت سے فوری طور پرکارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ جنہوں نے دکانیں کرایہ پردی ہیں ان کیخلاف کارروائی کی جائے اورتجاوزات ختم کی جائیں ۔