مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ ،مزید 3کشمیری شہید

September 24, 2018

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم و جبر جاری ہے، مظلوم کشمیریوں کی شہادت کا سلسلہ بھی نہیں رکا، آج بھی ظالم بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3کشمیری شہید ہوگئے۔

کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ان تینوں کشمیریوں کو ضلع کپواڑہ کے علاقے تنگ دہر میں فائرنگ کر کے شہید کیا گیا۔

کشمیری میڈیا نے یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ روز سے جاری محاصرے میں شہید کشمیریوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے، قابض بھارتی فوج نے اس کارروائی کے دوران اپنے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کا بھی اقرار کیا ہے۔

ادھر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کے گھر ہونے والے حریت رہنماؤں کےاجلاس میں پاکستان سے مذاکرات میں بھارت کے پیچھے ہٹنے پر حریت رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروی کے مطابق میرواعظ عمرفاروق کا کہنا تھا کہ بھارت نے علاقے میں امن کاایک اور موقع ضائع کر دیا،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کمیشن اپنا وفد مقبوضہ وادی میں بھیجے۔

حریت رہنما یاسین ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔