پاکستان اور بھارت مثبت ذہن کیساتھ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں، جیمز ایلس ، محبوب حسین بھٹی

September 25, 2018

ہائی ویکمب (انعام اللہ خان) سابق چیئرمین ویکمب ڈسٹرکٹ کونسل محبوب حسین بھٹی نے چیئرمین یورپین کشمیر فورم سابق ایم ای پی جیمز ایلس سے ہائی ویکمب میں اپنے گھر پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کو روکنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، یاد رہے کہ سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ کی مسئلہ کشمیر کو یورپین پارلیمنٹ برطانیہ میں اور دیگر اہم فورمز پر تسلسل کے ساتھ اٹھانے اور کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر مثبت ذہن کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہئیں اور بالخصوص بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جبر کے استعمال کو بند کرنا چاہیے۔ جیمز ایلس نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت کے وزیراعظم عمران خان کی دنیا بھر میں شہرت اور عزت و احترام ہے اور انہوں نے پاکستان کی عوام کے لیے اپنی حکومت کے جو اہداف مقرر کیے ہیں ان کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی معاونت کرنا چاہتی ہے۔ جیمز ایلس نے کہا کہ عمران خان سے بین الاقوامی دنیا اور بالخصوص کشمیری عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو احسن طریقہ سے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ یہ پرانا مسئلہ حل ہو۔ سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ویکمب محبوب حسین بھٹی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات سے دل دکھی ہوتا ہے ، نہتے اور معصوم کشمیریوں پر بھارت کی افواج مظالم ڈھا رہی ہیں اورمذہبی آزادیوں کو بھی سلب کیا جارہا ہے جس کی تازہ ترین مثال عاشورہ کے جلوس کی سرینگر میں اجازت نہ دینا اور لوگوں کو حراست میں لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جبر گزشتہ دہائیوں سے جاری ہے، اب پاکستان میں عمران خان کی حکومت ہے۔ کشمیری عوام کو بہت زیادہ توقع ہے کہ عمران خان مسئلہ کشمیر کے حل کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اپنی حکومت کی اولین ترجیح بنائیں گے۔ جسٹس آف پیس محبوب حسین بھٹی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر عمران خان کی نئی حکومت کی ترجیحات سے خوش ہیں اور دعا ہے کہ عمران خان ملک کے معاشی اور سماجی شعبوں میں بہتری لائیں گے اور ان کی حکومتی پالیسیاں اس بات کی نشاندہی کررہی ہیںکہ حکومت درست سمت میں بڑھ رہی ہے۔ چیئرمین محبوب حسین بھٹی نے کہا کہ انہوں نے نئی حکومت کی ترجیحات اور ان کے متوقع اثرات کے متعلق خط نیک خواہشات کے ساتھ ارسال کیا ہے۔چیئرمین محبوب حسین بھٹی نے ڈیمز فنڈ ریزنگ کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قدم سے ملک کے اندر پانی کے معاملے پر شدید پریشانی کا شکار قوم کو ریلیف ملے گا اور وہ اپیل کرتے ہیں کہ اس احسن قدم کی تائید و حمایت بلاتفریق علاقہ و پارٹی کرنی چاہیے اور دل کھول کر عطیات دینا چاہیے تاکہ پاکستان کے اندر پانی کے آنے والے بحران کو ٹالا جاسکے۔ چیئرمین محبوب حسین بھٹی نے کہا کشمیری عوام جیمز ایلس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسی جذبہ کے ساتھ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے رہیں گے تاکہ مسئلہ کشمیر حل ہو سکے۔