مرکزی جمعیت اہلحدیث برطانیہ کا مولانا عبدالہادی کی زیر صدارت اجلاس

September 25, 2018

بریڈفورڈ (پ ر)مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کی کابینہ کا اجلاس گرین لین برمنگھم میں زیرصدارت مولانا عبدالہادی امیرجمعیت منعقد ہوا جس میں ناظم اعلی حافظ حبیب الرحمن حبیب و دیگر اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تنظیمی کارکردگی اور دیگر جماعتی سرگرمیوں کے علاوہ41ویں سالانہ اسلامی دعوت کانفرنس کے لیے رابطہ مہم اور انتظامات کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائز ہ لیا گیا۔کانفرنس کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کے مطابق آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور شخصیت کو مثبت طریقے سے مغربی دنیاکومتعارف کرانا ناگزیر ہوگیا ہے کیونکہ ہالینڈ میں بعض اراکین پارلیمنٹ نے توہین آمیز اقدامات کرنے بھونڈی حرکت کرنے کی کوشش کی جسے پوری امت نے اورخاص طور پر پاکستانی عوام اور حکومت نے بڑی جرأت کے ساتھ مسترد کردیا اوربالآخر انہیں اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا بے شک یہ امت مسلمہ کی فتح ہے لیکن محض اس اقدام پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے اور اس قسم کے دشمنوں کےعزائم سے ہم آنکھیں بند نہیں کرسکتے اس لیے ہمیں لوگوں کو بتانا ہوگا کہ محمد کریمﷺ ؐکی شخصیت کائنات کے تمام لوگوں کیلئے رحمت ہے اس لیے کانفرنس کا موضوع منتخب کیا گیاہے ورفعنا لک ذکرک جسے شاعر مشرق نے ان لفظوں سے تعبیر کیا ہے ’’دہر میں اسم محمدﷺ سے اجالا کردے‘‘ امیر جمعیت نے کہاتمام اردو انگریزی مقررین اسی عنوان کے مطابق موضوعات پر مثلاًمقام رسالت ، جمال نبوت، فلسفہ صلح حدیبیہ ، حرمت رسول اور عالمی قوانین ،حریت فکرکی حدود تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں، ہمارے نبی کے خاکے ہی کیوں ؟ وغیرہ جیسے اہم عنوانات پر گفتگو کریں گے ، تاکہ کانفرنس کا مقصد و مدعا پورا ہوسکے ۔اجلاس میں میڈیا کمیٹی کی تشکیل کی گئی جس کے اراکین حافظ عبدالاعلیٰ درانی ، مولانا شفیق الرحمن شاہین اور ڈاکٹر عبدالرب ثاقب ہوں گے۔ الیکٹرانک میڈیا ، جرائد میں اشتہارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام الناس کوباخبر رکھا جائے گا۔انتظامات کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مولاناعبدالہادی ، مولانا حفیظ اللہ خان مدنی ،مولانا شیرخان جمیل اور مولانا ابراہیم میرپوری شامل کیے گئے ، رابطہ مہم کیلئے مولانا ابراہیم میرپوری مولاناعبدلہادی مڈلینڈکی برانچز، یارکشائر اور لنکا شائرکی برانچز سے رابطہ کیلئے حافظ شریف اللہ شاہد مولانا عبدالستار عاصم، مولانا محمود الحسن، مانچسٹر اولڈہم راچڈیل، شیفلیڈ کیلئے پروفیسر حافظ مطیع الرحمن، حافظ زکریا سعود، مولانا حمود الرحمن شرقپوری، ناٹنگھم ، لوٹن کیلئے پروفیسر عتیق الرحمن، میڈن ہیڈ ، میڈن سٹون اور سلاؤ کیلئے ڈاکٹر شبیر عثمانی نیوکاسل کلیولینڈ کیلئے مولانا واجد مالک،حافظ عبدالباسط العمری اور لندن و سکاٹ لینڈ اور دیگر برانچز کے ساتھ رابطہ حافظ حبیب الرحمن حبیب ، مولانا کنورشکیل ، مولانا ادریس مدنی ، مولانا صہیب احمد ، بلیک برن ، بلیک پول ، پریسٹن کیلئے چوہدری حبیب الرحمن ، مولانا فضل الرحمن اور مولانا منیرقاسم کو مقرر کیا گیا اس رابطہ مہم کی نگرانی ناظم اعلی حافظ حبیب الرحمن کریں گے،کانفرنس میں حالات حاضرہ سے آگاہی کیلئے مولانا حفیظ اللہ مدنی اپنے رفقاء کے ساتھ مضامین وقرار دادیں تیار کریں گے جن میں کشمیر و فلسطین کے مسائل پر خاص طور پر پریس اورشرکاء کوآگاہ کیا جائے گا ۔ناظم اعلی نے بتایا کہ میں نے حالیہ سفر حج میں الشیخ صلاح البدیر اور الشیخ ایاد لشکری رئیس الموذنین مسجد نبوی اور مکہ مکرمہ کے فضلاء سے رابطہ رکھا ہے امیدہے دیگر داعیان و مبلغین کے علاوہ یہ دونوں مشائخ کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔