یرانی تیل کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ واپس لیا جائے ‘ جماعت اسلامی

September 25, 2018

کوئٹہ(پ ر) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ ایرانی پٹرول و ڈیزل کی فروخت پر پابندی سے ثابت ہوا کہ بلوچستان کی نئی حکومت عوام کو روزگار دینا نہیں بلکہ چھینا چاہتی ہے ، بلوچستان میں بےروزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے ، بیروزگاری کی وجہ سے معاشرتی برائیوں جرائم اور منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور حکومت اس شعبے سے وابستہ ہزاروں افراد کو بے روزگار کردینا چاہتی ہے ، ہونا تو یہ چاہیے کہ پہلے یہاں کے نوجوانوں کو روزگار دیا جائے انڈسٹری لگائی جائے ، نجی و سرکاری سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں ، اس کے بعد ایرانی پٹرول پر پابندی لگائی جائے ، یہ بات انہوں نے صوبائی دفتر میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، وفد نے انہیں بتایا کہ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں ،مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے وفد کو تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ایرانی تیل پر پابندی کا فیصلہ واپس لے اور اس شعبے سے وابستہ ہزاروں افراد کو بے روزگار نہ کرے ، بلوچستان میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں، بے روزگاری عام اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ غیر قانونی راہ اختیارکرنے پر مجبورہو جائیں گے ، اگر حکومت پابندی لگانا ہی چاہتی ہے تو متباد ل روزگار فراہم کرے۔