لاہورنارووال سیکشن،مسافر ٹرین کی چھت پرسفر کرنے پر مجبور

September 25, 2018

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہورنارووال سیکشن پرپسنجر ٹرین میں بوگیوں کی کمی کے باعث مسافر ٹرین کی چھت پر خطرناک انداز میں سفر کرنے پر مجبور ہیں جس پر مسافروں کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی او ردیگر سیاسی وسماجی تنظیموں نے بھی ریلوے ہیڈ کواٹر کے سامنےدھرنے دینے کی دھمکی دے دی ہے اور وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی ٹرینیں چلانے کی بجائے پہلے سے چلنے والی مسافر ٹرینوں کو بہتر کیا جائے اور مسافروں کے لئے سہولیات میں اضافہ کیا جائےذرائع کے مطابق نارووال سیکشن پر دو لوکل ٹرینیں صبح 10بجے نارووال پسنجر اور شام چھ بجکر 30منٹ پر فیض احمدفیض ٹرین چل رہیں جو سات سات کوچز پر مشتمل ہیں مگر دیگر مسافر ٹرینوں کے ساتھ کوچز کی کمی کو پورا کرنے کےلئے مزکورہ دونوں ٹرینوں کی دو دو کوچز کاٹ کر دیگر ٹرینوں کو لگا دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ ٹرینوں پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ کے جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد عمران کوروٹانہ ، چوہدری فرحان شوکت ہنجرا نے ریلوے کے لاہور نارووال سیکشن پر پسنجر ٹرینوں میں مسافر بوگیوں کی تعداد میں کمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے انسانی حقوق کا استحصال قرار دیا ہے اور کہاہے کہ مسافر ٹرین کی چھتوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں خدانخواستہ کوئی جانی نقصان ہوگیا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے انتظامیہ نارووال سیکشن کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے نارووال سیکشن پر عرصہ سات سال سے ٹرینوں کی بندش کا بھی نوٹس لیں ۔ ریلوے کا شکرگڑھ چک امر و سیکشن کو بھی بحال کیا جائے تاکہ پاکستان اور بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتری دربار صاحب کرتارپور باآسانی پہنچیں ۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ٹرینوں کے ساتھ بوگیوں کی تعداد کو پورا نہ کیا گیا تو اس کے خلاف ریلوے ہیڈ کواٹرز کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ’علاوہ ازیں اس حوالے سے ریلوے لاہور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور اور نارووال کے درمیان مجموعی طور پر چار ٹرینیں چل رہی ہیں جن میں دو ٹرینیں صرف لاہور اور نارووال کے درمیان ہیں ۔