بلدیات صوبائی معاملہ، وفاق پورے ملک میں مرضی نافذ نہیں کرسکتا، پیپلز پارٹی

September 25, 2018

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں مرضی کا بلدیاتی نظام نافذ نہیں کرسکتی کیونکہ یہ خالصتاًصوبائی معاملہ ہے ، سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے ایف بی آر کا چیئرمین پارلیمنٹ کو لگانا چاہیے، منی بجٹ دیکھ کر لگتا ہے عمران خان صرف غریبوں پر ٹیکس لگانے کیلئے ہی آئے ہیں، عمران نے دعویٰ کیا تھا سارے ڈاکوئوں کو پکڑ کر پیسہ واپس لاؤںگا، آگے دیکھیں کیا ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ وفاقی حکومت صرف پنجاب یا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کا فیصلہ کرسکتی ہے اور پورے ملک میں مرضی کا بلدیاتی نظام نہیں لاسکتی۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی غریب کے استعمال کی چیزیں مہنگی نہیں کیں، عوام کو اب پیپلزپارٹی کا دوریاد آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ عمران خان صرف غریبوں پر ٹیکس لگانے کے لیے برسر اقتدار آئے ہیں۔ گیس اور پٹرول سمیت دیگرچیزوں پرٹیکس غریب کی جیب سے نکالا جا رہا ہے، عمران خان نے عوام کو سہانے خواب دکھائے کہ دودھ کی ندیاں بہا دوں گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ بلدیاتی نظام خالصتا صوبائی معاملہ ہے اور بلدیاتی نظام کا اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس ہے۔ حکومت سارے ملک میں مرضی کا بلدیاتی نظام نہیں لا سکتی۔ وفاقی حکومت صرف پنجاب یا کے پی کے بارے فیصلہ کر سکتی ہے۔