فیفا ایوارڈ،کروشیا کے لوکا موڈرچ سال کے بہترین فٹبالر، رونالڈو دوسرے نمبر پر

September 26, 2018

لندن( جنگ نیوز) کروشیا فٹبال ٹیم کے کپتان لوکا موڈرچ فیفا کے سال کے بہترین مرد فٹبالر کا ایوارڈ لے اڑے جبکہ برازیل کی مارٹا کو بہترین خاتون فٹبالر قرار دیا گیا ۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشنز کے سال کے بہترین فٹبالرز اور دیگر ایوارڈز کا اعلان لندن کےرائل فیسٹیول ہال میں ایک تقریب میں کیا گیا۔مئی میں ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے لوکا موڈرچ نے مسلسل تیسری بار چیمپئنز لیگ ٹائیٹل جیتا تھا پھر ان کی قیادت میں کروشیا کی فٹبال ٹیم نے روس میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی کی تھی جہاں اسے فرانس کے ہاتھوں 2-4سے شکست اٹھانا پڑی تھی ۔ 2007سے فیفا کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ ارجنٹینا کے لوئنل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو جیت رہے تھے اس طرح لوکا موڈرچ نے ان کی بالادستی کو ختم کر دیا ۔لوکا موڈرچ نے کہا کہ دنیا کا بہترین فٹبالر کے ایوارڈ میرے لیے باعث فخر ہے اور یہ صرف میرا اعزاز نہیں ہے بلکہ بلکہ ریال میڈرڈ کی پوری ٹیم اور کروشیا کی پوری ٹیم اور کوچز کا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مدد کے بغیر میرے لیے یہ اعزاز حاصل کرنا ممکن نہیں تھا میں ان سب کا شکر گزار ہوں ۔ کرسٹیانو رونالڈ دوسرے اور مصر کے محمد صلاح تیسرے نمبر پر رہے۔ فرانس کے کلیان ایمباپے چوتھے اور میسی پانچویں نمبر پر رہے۔ برازیل کی خاتون فٹبالر مارٹا چھٹی مرتبہ بہترین فٹبالر کا اعزاز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں انہہوں نے 2010میں پہلی بار فیفا کی بہترین خاتون فٹبالر کا ایوارڈ جیتا تھا۔ 32سالہ برازیلین فٹبالر مارٹا امریکی فٹبال کلب اورلینڈو پرائیڈ سے بھی کھیلتی ہیں۔ انہوں نے اس مقابلے میں اولمپک لیونیاس کلب کی جوڑی ایڈا ہیمبرگ اور ڈیزنفر ماروسان کو ہرایا مارٹا کا کہنا ہے کہ میں اپنی ساتھوں کی شکر گزار ہوں جن کی مدد نے مجھے اس ایوارڈ کا مستحق بنایا یہ خوشی کی بات ہے کہ ہر سال خواتین فٹبال کو فروغ مل رہا ہے مصری فٹبالر محمد صلاح کو سال کا بہترین گول کرنے پر پوسکاس ایوارڈ ملا فرانس کے ڈیڈیئر ڈی چیمپس کو بہترین کوچ قرار دیا گیا۔