پی آئی اے ،اسمگلنگ میں ملوث ایئر ہوسٹسز اور کیبن کریو کی نگرانی شروع

September 27, 2018

کراچی (اسد ابن حسن) قومی ایئرلائن پی آئی اے اسمگلنگ کے حوالے سے بدنامی کا باعث بننےوالے کیبن کریو اور خاص طور پر ایئرہوسٹسز کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے اور گزشتہ چند ہفتوں میں 14ایئرہوسٹسز اور ایک فلائٹ پرسر کو سگریٹ بیرون ملک لے جانے اور بیرون ملک سے پرتعیش اشیاء پاکستان لانے پر رنگے ہاتھوں ادارے کی ویجی لینس حکام نے دھر لیا جسکے بعد انکو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے پانچ کیبن کریو کے پکڑے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان مشہود تاجور کا کہن اہے کہ ملوث فضائی میزبانیوں کو شوکاز نوٹسز دیدیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں جدہ جانے والی پرواز پر تعینات ایئر ہوسٹس عندلیب شاد، عشرت پروین اورشازیہ حبیب کے سامان سے کئی درجن سگریٹ کے کارٹن پی آئی اے ویجی لینس کے عملے نے برآمد کیے۔ اسی طرح ایئرہوسٹس گل صبا، ٹورنٹو کی فلائٹ سے لاہور پہنچی، ویجی لینس کے عملے کو اطلاع ملی تھی کہ اسکے پاس بے انتہا قیمتی سامان ہے، اس اطلاع کو کسٹم کو پاس کردیا گیا جسکے بعد کسٹم نے اس کے لیگیج سے بھاری مالیت کا سامان برآمد کرلیا مگر ذاتی مچلکے پر جانے کی اجازت دیدی۔ اسی طرح ویجی لینس کی اطلاع پر پیرس سے لاہور آنے والے فلائٹ پرسر علی ذیشان کاظمی کے لیگیج سے کسٹم نے بھاری مالیت کا سامان برآمد کیا۔