ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے لگانے کی منظوری

October 11, 2018

وفاقی کابینہ نے ایئروائس مارشل ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے اور عون عباس کو چیئرمین پاکستان بیت المال کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے صحافیوں کو بتایا کہ چیئرمین پی آئی اے کو کہا گیا ہے کہ وہ ادارے کی مالی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یوریا کھاد درآمد کے لیے پیپرارولز 35 میں نرمی کی سمری پر بھی غور کیا گیا جبکہ عطیہ کی جانے والی گاڑیوں کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز کے آئی آر او میں چھوٹ کی سمری بھی پیش کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی گئی ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا کہ سرکار کی زمین کولیٹرل ہوگی، بینک قرضہ دے گاجس پر لوگ گھر بنائیں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اسمگل شدہ موبائل فون کے حوالے سے بھی طریقہ کار طے کرلیا گیا ہے اور آئندہ برس تک اسمگل شدہ موبائل فون ملک میں کام نہیں کریں گے۔