موسم خوشگوار ہو تو پہناوے کو دیں دلکش رنگ

October 14, 2018

ملک بھر میں کہیں بارشیں، کہیں ٹھنڈی ہوائیں اورکہیں بادلوںکی آنکھ مچولی جاری ہے۔ گرمی ہو یا سردی یا پھر ساون کی خوبصورت رُت،خواتین موسم کے کسی بھی انداز کو انجوائے کیے بغیر نہیں رہ سکتیں اور جب ان موسموں کے لحاظ سے فیشن کے نت نئے انداز بھی مارکیٹ میںآجائیں تو ہر اچھے موسم کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ تو کیوں نہ آج بات ہوجائے وارڈروب کے کچھ ایسے ٹرینڈ کی، جس میں فیشن کے نت نئے انداز آپ کے وارڈروب کا حصہ بن کر موسم کی خوبصورتی کو مزید بڑھاسکتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ خوشگوار موسم میں کون سی شاپنگ آپ کے لیے پرفیکٹ رہے گی۔

لائٹ فیبرک آؤٹفٹ

فیشن ماہرین کے مطابق موسم اگر خوشگوار ہوتو ایسے موسم میں ہلکے ملبوسات مثلاً کا ٹن اور شیفون فیبرک کا انتخاب کرنا چاہیے۔یہ ملبوسات پہننے میں ہلکے ہوتے ہیں اور اگر کبھی بارش ہوجائے تو جلدی خشک بھی ہوجاتے ہیں۔ ایسے ملبوسات ٹرینڈ کے عین مطابق ہونے کے سبب ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں ۔بھاری اور کامدار ملبوسات کا انتخاب ہر گز نہ کیا جائے۔

ڈارک کلرز کلیکشن

مون سون سیزن شروع ہوتے ہی موسم خوشگوار ہوجاتا ہے اور جب یہ سیزن اپنے اختتام کو پہنچتا ہے تب بھی موسم اپنی دلکشی دکھاتا ہے۔اسی لیے اپنی وارڈروب میں ہلکے اور پھیکے رنگوں کے بجائے شوخ اور گہرے رنگوں کا اضافہ کیجیے۔ یہ رنگ نہ صرف آپ کے موڈ کو بہتر رکھیںگے بلکہ آپ کی شخصیت کوبھی انفرادیت بخشیں گے۔ اس لیے کوشش کریں کہ ہلکے رنگوں کے بجائے گہرے اور شوخ رنگ مثلاً بلو، ڈارک پنک اورنج اور یلو کلر کے ملبوسات کا انتخاب کریں۔ اگر آپ جینز کے ساتھ کچھ نیا انداز اپنانے کا سوچ رہی ہیں تو فلورل شرٹس اور ڈینم پینٹس کے ساتھ رنگا رنگ شارٹ کرتیوں کا انتخاب آپ کے لیے سب سے زیادہ مناسب رہے گا۔

جوتے اور سینڈل کا انتخاب

موسم جب خوشگوار ہوجاتا ہے تو اس کے دل و دماغ پر بھی مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ ایسے میں خواتین کو سب سے زیادہ مسئلہ جوتوں کے انتخاب کے دوران پیش آتا ہےکہ کہیں خوبصورت موسم میں کیا پہنیں اور کیا نہیں۔ خواتین کی یہ مشکل اسنیکرز دور کرسکتے ہیں کیونکہ آجکل یہ فیشن میں خاصے اِن ہیں۔ اس کے علاوہ اسنیکرز پہنی ماہرہ خان کی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر کو دیکھ لیں، یہ اسٹائل آپ کے لیے بھی پرفیکٹ ثابت ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیںاگر پینٹ شرٹ پر لوفرز شوز اور منفرد ڈیزائن کی فلیٹ چپل پہنی جائے تو آپ کے لُک میں چار چاند لگ سکتے ہیں۔

کلرفل اسکارف

فلورل پرنٹڈ والا رنگ برنگا اسکارف خوشگوار موسم میں آپ کی وارڈروب کے لیے بہترین رہے گا۔ ویسے بھی اسکارف ہر سیزن کے لیے ایور گرین فیشن ثابت ہورہا ہے۔ چاہے مشرق ہو یا مغرب اسکارف دنیا بھر میں فیشن کا حصہ بنتے جارہے ہیں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد اسٹائلش اور دلفریب نظر آنے کے لیے اسکارف استعمال کر رہی ہیں ۔ تو ہماری مانیے موسم کا مزہ لوٹنے کے لیے جینز اور شارٹ ٹاپ کے لیے کچھ رنگ برنگے اسکارف کی خریداری ضرور کیجیے اور اپنے پہناوے کو دیجیے خوبصورت موسم میں ایک دلکش انداز۔ اگر ساحل سمندر کی سیر پر جارہے ہوں تو جینز کی پینٹ کے ساتھ سفید یا سیاہ رنگ کی شرٹ پہنیں اور کلر فل اسکارف لے لیں، یہ اسٹائل آپ کے پہناوے کو ایک خوبصورت انداز دے گا۔

جیولری

ٹسلز گزشتہ برس سے خواتین اور سیلیبرٹیز فیشن ٹرینڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔ عید ہو یا شادی کی تقریبات، ریمپ پر واک ہو یا فلم ایوارڈ، شوبز انڈسٹری کی سیلیبرٹیز سمیت دیگر خواتین بھی ٹسلز ایئر نگ کاانتخاب زیادہ کرتی دیکھی جاتی ہیں۔ تو پھر ایسا کیسا ممکن ہےکہ خوبصورت موسم ہو اور ٹسلز کا فیشن پیچھے رہ جائے! موسم خوشگوار ہو تو ٹسلز کو اپنی وارڈروب کا حصہ بنانے کے لیے ایئررنگ کے طور پر نہیں بلکہ چوکرز کے طور پر منتخب کریں۔

چھتریاں

کراچی کے باسیوں کا چھتری لینے کا شوق مشکل سے ہی پورا ہوتا ہے لیکن کراچی نہ سہی پاکستان کے دیگر علاقے تو ہیں نا چھتری کا شوق پورا کرنے کے لیے۔ اگر آپ کسی ایسی جگہ جارہی ہیں جہاں بارش کا امکان ہو تو ایسے میں آپ چھتری استعمال کرنے کا شوق بھی پورا کرسکتی ہیں۔خواتین چونکہ سب کچھ منفرد کرنے کی شوقین ہوتی ہیں، اس لیے چھتریاں بھی عام سی نہیں خریدتیں اور کوشش کرتی ہیں کہ یہ بھی ٹرینڈ کے عین مطابق ہو، مثلاً کلر فل یا پھر مختلف ڈیزائن کی کیونکہ یہی چھتریاں مارکیٹ میں زیادہ مشہور ہیں۔