کراچی: سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر سمیت 4 ملزمان گرفتار

October 12, 2018

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم نے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کا انکشاف کیا ہے۔

ملزم کے اعتراف جرم کے مطابق اس نے حساس ادارے کے اہلکار، اے ایس آئی اور سیاسی جماعت کے کارکنان سمیت متعدد افراد کو قتل کیا، گرفتار ملزمان ڈکیتیاں اور دیگر وارداتیں بھی کرتے تھے۔

نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی میں 4ملزمان چھینی ہوئی سرکاری گاڑی لے کر ڈکیتی کیلئے بنگلے پر پہنچے، تاہم پولیس نے چاروں کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا۔

تفتیش ہوئی تو سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم نے سنسنی خیز انکشافات بھی کیے۔

ملزم نے حساس ادارے کے اہلکار، اے ایس آئی، سیاسی جماعت کے متعدد کارکنان سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے عزیز بھٹی تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی چھینی تھی اور ملزمان کا گروہ اسی میں وارداتیں کرتا تھا۔

ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ انہوں نے لائنز ایریا میں ساتھی کے پاس بیگ میں اسلحہ بھی چھپا رکھا ہے۔